راولپنڈی: (دنیا نیوز) آٹھویں میری ٹائم سکیورٹی ورکشاپ کے شرکا نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دورے کے دوران چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے شرکا سے ملاقات کی اور ابھرتے ہوئے میری ٹائم چیلنجز، بحری شعبے میں بدلتے ہوئے مواقع اور پاکستان کی بلیو اکانومی کی بھرپور صلاحیت پر روشنی ڈالی۔
نیول چیف نے معرکہ حق کے دوران پاک بحریہ کے ناقابل تسخیر دفاع پر تفصیلی گفتگو کی اور شرکا کو کمبائنڈ میری ٹائم فورسز میں شرکت اور ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرولز کے ذریعے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاک بحریہ کی کاوشوں سے آگاہ کیاـ
قبل ازیں شرکا کو موجودہ میری ٹائم خطرات، پاک بحریہ کی میری ٹائم آگہی کے اقدامات اور ساحلی آبادیوں کی ترقی کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔
پارلیمنٹرینز، سیاستدانوں، بیوروکریٹس، سینیئر عسکری افسران، میڈیا نمائندگان، انٹرپرینیورز، بزنس لیڈرز اور ماہرین تعلیم پر مشتمل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکا نے قومی سطح پر بحری آگہی اور پالیسی سازی میں میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ کے اہم کردار کو تسلیم کیا اور قومی بحری مفادات کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔
یہ گیارہ روزہ ورکشاپ شرکا کی میری ٹائم سیکیورٹی سے متعلق فہم میں اضافہ اور بحرِ ہند کی جیو اسٹریٹیجک اہمیت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ قومی بحری چیلنجز اور مواقع پر سیرحاصل گفتگو کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔



