کراچی:(دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہےکہ وفاق کی مشکلات بھی سمجھتےہیں، سندھ نے اِس سال ریکارڈ ٹیکس اکٹھا کیا۔
شہر قائد میں این آئی سی وی ڈی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ بعد جناح ہسپتال ایک اور اعلیٰ مثال بن چکا ہے، یہ تمام کامیابی ممکن نہیں تھی اگر ہم پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ یہاں کے شہری اس شہر کو اون کرتے ہیں، کراچی کی خیراتی کمیونٹی پاکستان کی سب سے بڑی خیراتی کمیونٹی ہے،کراچی میں مخیرحضرات کی تعداد ملک میں سب سےزیادہ ہے۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ اٹھارہویں ترمیم کےبعد سندھ میں صحت کےشعبےمیں بہت کام ہوا، مالی وسائل صوبوں کو دینا غلطی نہیں تھی اس کی مثال این آئی سی وی ڈی ہے،کچھ وزرا صوبوں سےوسائل لینا چاہتےہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم وفاق کی مشکلات بھی سمجھتےہیں، بلوچستان اورخیبرپختونخوا نےبھی ایف بی آر سے زیادہ ٹیکس جمع کیا، ہم نے ثابت کر دیا کہ ہم وفاقی حکومت کےبغیر یہ ادارہ چلا سکتے ہیں، ہم وفاق کے لیے ٹیکس جمع کرکے اُن کی مشکلات دور کر سکتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم شہر شہر جا کر کہتے تھے کہ وفاق کا دیوالیہ ہوچکا ہے، وفاق کی مشکلات بھی ہم سب کی مشکلات ہے، اٹھارویں ترمیم کے بعد سیلز ٹیکس کی وصولی صوبوں کے پاس آئی، صوبہ سندھ نے ٹیکس وصولی کے ایف بی آر کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا کہ مزید ٹیکسز بھی ہم وفاق کے لیے جمع کرنے کے لیے تیار ہیں ، صوبہ سندھ سیلز ٹیکس آن سروسز وصول کرنے کے لیے تیار ہے، ہم وہ پیسہ جمع کر کے وفاق کے حوالے کریں گے، اگر ہم وفاق کا ہدف پورا نہ کرسکے تو ہم اپنے پیسوں سے اس ہدف پورا کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ سال 2024 میں بلوچستان سے 84 ہزار ،کے پی کے سے 16 ہزار افراد نے این آئی سی وی ڈی سے علاج کرایا، صوبہ پنجاب سے 35 ہزار سے زائد افراد این آئی سی وی ڈی مفت علاج کے لیے آئے تھے۔



