لاہور: (دنیا نیوز) قومی سوئمنگ چیمپئن شپ میں دوسرے روزپاکستان آرمی نے خواتین مقابلوں میں مزید میڈلز جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن جبکہ مردوں میں پاکستان واپڈا کو برتری حاصل ہے۔ دوسرے روز پاکستان اولمپک ایسو سی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید عارف حسن مہمان خصوصی تھے۔
نشتر پارک انٹرنیشنل سوئمنگ پول میں جاری قومی چیمپئن شپ میں خواتین مقابلوں میں آرمی نے مجموعی طور پر گولڈ کے آٹھ، سلور کے پانچ اور کانسی کے دو میڈل جیت کر 263 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
واپڈا نے اب تک گولڈ کے چار، چاندی کے چار اور کانسی کے بھی چار میڈل جیت کر 142پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کر لی۔
مردوں کے مقابلوں میں واپڈا کے سوئمرز نے مجموعی طور پر دو دنوں میں گولڈ کے نو، چاندی کے چار اور کانسی کے تین میڈلز جیت کر 286پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کر رکھی ہے۔ آرمی نے گولڈ کے چار، چاندی کے نو اور کانسی کے چھ میڈلز جیت کر 232پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہے۔