مظفر آباد: (دنیا نیوز) کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم اجاگر کرنے کے لئے پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان لائن آف کنٹرول کا دورہ کر رہے ہیں۔
پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامرخان آج صبح اسلام آباد پہنچے جہاں سے وہ پاک فوج کے ہیلی کاپٹر میں لائن آف کنٹرول چلے گئے۔ عامر خان کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے کنٹرول لائن کا دورہ کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ بین الاقوامی سطح پر کشمیری عوام کی آواز بنیں گے، کشمیریوں کی نسل کشی اور مقبوضہ وادی میں بھارت کے غاصبانہ اقدامات سے دنیا کو آگاہ کریں گے۔
کنٹرول لائن کے دورے سے قبل میڈیا سے گفتگو میں عامر خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے برطانیہ میں ٹی وی پر کشمیر کے حوالے سے رپورٹس دیکھیں، مقبوضہ کشمیر میں بچوں کو قتل کیا جا رہا ہے، معصوم بچے سکول نہیں جا سکتے، انسانیت سوز مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھائیں اور مودی سرکار کے غاصبانہ اقدامات اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کو دنیا میں اجاگر کریں۔