نیویارک: (دنیا نیوز) یو ایس اوپن ویمن سنگلز میں پہلا اپ سیٹ ہو گیا، سابق عالمی نمبر ایک انجلیک کربر غیر معروف حریف سے ہار کر باہر ہو گئیں، سرینا ولیمز نے نے ماریہ شراپوا کو پہلے ہی راؤنڈ میں آؤٹ کر دیا، سیڈ ٹو ایشلے بارٹی غیر معروف قازقستانی حریف سے ہارتے ہارتے بچیں۔
ٹینس سیزن کے آخری گرینڈ سلیم میں سابق عالمی نمبر ایک انجلیک کربر، غیر معروف فرانسیسی حریف کرسٹینا کے مدمقابل ہوئیں۔ جرمنی کی سپر سٹار اپنی برتری اور مہارت نہ دکھا سکیں، پہلے ہی سیٹ میں شکست، دوسرے سیٹ میں کم بیک تو کیا لیکن تیسرا اور فیصلہ کن سیٹ ہار کر مداحوں کو مایوس کر دیا۔
ریکارڈ ہولڈر سرینا ولیمز نے روس کی ماریہ شراپووا کو جم کر نہ کھیلنے دیا، برتری کی دھاک بٹھاتے ہوئے سٹریٹ سیٹس میں فتح سمیٹی، 23 بار کی گرینڈ سلیم چیمپئن سرینا ولیمز کی جیت کا سکور چھ ایک اور چھ ایک رہا۔
دوسرے میچ میں آسٹریلیا کی ایشلے بارٹی کا قازقستانی ڈائیاس سے مقابلہ ہوا، غیر معروف کھلاڑی نے سیڈ ٹو ایشلے بارٹی کو پہلے سیٹ چھ ایک سے ہرا کر اپ سیٹ کیا۔ آسٹریلوی کھلاڑی نے تجربہ کاری اور ہمت دکھائی، کم بیک کیا، دوسرا اور سیٹ جیت کر مشکل سے میچ اپنے نام کر لیا۔