نیویارک: (دنیا نیوز) ٹینس سیزن کے آخری گرینڈ سلیم یو ایس اوپن میں سپر سٹارز انجریز کا شکار ہونے لگے، دفاعی چیمپئن نواک جوکووچ پری کوارٹر فائنل کا میچ پورا نہ کر سکے اور ریٹائر ہو گئے جبکہ ریکارڈ ہولڈر سرینا ولیمز ٹخنے میں تکلیف کے باوجود کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں۔
نیویارک میں نیلے ٹینس کورٹ پر آخری گرینڈ سلیم کا معرکہ، یو ایس اوپن کے چوتھے راؤنڈ میں سپر سٹار نوواک جوکووچ 23 ویں نمبر کے سٹین واورینکا کے مدمقابل ہوئے، سوئس کھلاڑی نے کندھے کی انجری کا شکار دفاعی چیمپئن کو پہلا اور پھر دوسرا سیٹ ہرا دیا، تیسرے سیٹ میں سربین سٹار کھیل جاری نہ رکھ سکے اور ریٹائر ہو گئے۔
دوسری جانب ویمن سنگلز میں ریکارڈ 22 گرینڈ سلیم جیتنے والی سرینا ولیمز کا چوتھے راؤنڈ میں پیٹرا میٹرک سے جوڑ پڑا، سابق ٹاپ سیڈ سرینا ولیمز ٹخنے میں تکلیف کے باوجود کامیاب ہوئیں، امریکی ٹینس سٹار کی جیت کا سکور چھ تین اور چھ چار رہا۔