ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں اے ایف ایل پاکستان سپر لیگ کا افتتاحی میچ خیبر پختونخواہ اور اسلام آباد کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا جس میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کر کے شائقین کے دل جیت لیے۔
ملتان کے ایم سی سی گراونڈ میں اے ایف ایل پاکستان سپر لیگ کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں ملک بھر کے بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل چار ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں سندھ ڈولفن، روہی جہاں ایگلز، اسلام آباد ٹائیگرز اور کے پی کے لائنز کی ٹیمیں شامل ہیں۔
افتتاحی میچ اسلام آباد اور کے پی کے کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا جس میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل پیش کیا۔ پچیس منٹ پر مشتمل کھیل کے چاروں کوارٹروں میں کے پی کے لائنز کی ٹیم نے 20 جبکہ اسلام آباد ٹائیگرز کی ٹیم نے 16 پوائنٹس حاصل کیے جس سے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ کے پی کے کی ٹیم جیتنے میں کامیاب ہو گئی۔
اے ایف ایل پاکستان سپر لیگ کا فائنل 19 ستمبر کو کھیلا جائیگا جس میں فاتح اور رنر اپ ٹیموں کے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں بھی تقسیم کی جائیں گی۔