کیو: (دنیا نیوز) فٹبال یورپیئن چیمپئن کوالیفائرز میں تماشائیوں اور ریفریز کا میچ پڑ گیا، نسلی تعصب کے نعروں پر دو بار کھیل روکنا پڑا، مہمان انگلینڈ نے یکطرفہ مقابلے میں بلغاریہ کو چھ صفر سے پچھاڑ دیا۔
بلغاریہ کے شہر صوفیہ میں فٹبال میدان میں "بڑا میچ"، یورو 2020 کے کوالیفائنگ میچ میں بلغاریہ اور انگلینڈ مدمقابل ہوئے تو منچلے تماشائیوں نےمتنازعہ اور نسلی تعصب والے نعرے لگانے شروع کر دیئے۔ سٹینڈ میں بیٹھے تماشائی بھی بپھر گئے، مسلسل آوازیں کسنے لگے، جس سے کھیل کا ماحول خراب ہو گیا۔
ہلڑ بازی پر سیکورٹی سخت، ریفریز اور انتظامیہ نے ایک نہیں، دو بار میچ روکا، صرف اتنا ہی نہیں بلکہ میچ ختم کرنے کی دھمکی بھی دے دی۔ بڑی مشکل اور احتیاط سے میچ شروع کرایا گیا جسے یکطرفہ بناتے ہوئے مہمان انگلینڈ نے چھ صفر سے جیت لیا۔
انگلش ٹیم نے بڑی جیت کے ساتھ بڑا اعزاز پایا، پندرہ پوائنٹ کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جمایا، بارکلے اور رحیم سٹرلنگ نے دو دو جبکہ کپتان ہیری کین سمیت رشفورڈ نے ایک ایک گول سکور کیا۔