کبڈی ورلڈکپ 2020ء: تیسرا راؤنڈ، پاکستان نے آذر بائیجان کو ہرا دیا

Last Updated On 14 February,2020 05:44 pm

گجرات: (دنیا نیوز) کبڈی ورلڈکپ 2020ء کے تیسرے مرحلے کے دوران پہلے میچ میں پاکستان نے آذر بائیجان کو شکست دیدی۔

تفصیلات کے مطابق کبڈی ورلڈکپ 2020ء زور و شور سے جاری ہے۔ لاہور اور فیصل آباد کے بعد میگا ایونٹ کا رُخ گجرات کی طرف ہو گیا جہاں پرپہلا میچ پاکستان اور آذر بائیجان کے درمیان کھیلا گیا۔

میچ کا آغاز دونوں ملکوں کے قومی ترانوں سے کیا گیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ کے دوران شائقین پرجوش تھے، کبڈی ورلڈ کپ کے میچ دیکھنے کیلئے سٹیڈیم میں ہزاروں افراد میچ دیکھنے آئے تھے، میچ کے دوران گجرات سٹیڈیم پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔

تیسرے راؤنڈ کے دوران پہلے میچ میں پاکستان نے آذر بائیجان کو ہرا دیا، پاکستان نے 30 کے مقابلے میں 40 پوائنٹس سے کامیابی کو گلے لگایا۔

کبڈی ورلڈکپ 2020ء کے تیسرے روز کے دوسرے میچ کے دوران بھارت نے انگلینڈ کو آؤٹ کلاس کر دیا۔ میچ کے دوران پاکستان کی روایتی حریف ٹیم بھارت نے برطانیہ کی ٹیم کو 18 پوائنٹس سے شکست دی۔

بھارت کی کبڈی ٹیم نے 44 پوائنٹس حاصل کیے جبکہ انگلینڈ کی ٹیم صرف 26 پوائنٹس حاصل کر سکی۔

گجرات سٹیڈیم میں کبڈی ورلڈکپ کے میچز کے دوران مہمان خصوصی سپیکر پنجاب اسمبلی اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کبڈی ورلڈکپ 2020ء کے پانچویں روز پاکستان، بھارت اور جرمنی کی ٹیمیں فاتح رہیں۔ 20 ہزار سے زائد شائقین کبڈی میچز دیکھنے سٹیڈیم پہنچے تھے۔

فیصل آباد کے اقبال سٹیڈیم میں پانچویں روز بھی کبڈی ورلڈکپ 2020ء کے تین میچز کھیلے گئے، پاکستان نے دوسرا میچ بھی جیت لیا، آسٹریلیا کو چاروں شانے چت کیا۔

میزبان ٹیم نے میچ 25 کے مقابلے میں 62 پوائنٹس سے اپنے نام کیا۔ شائقین نے پہلوانوں کو خوب داد دی اور اپنی ٹیم سےفائنل جیتنے کی امیدیں بھی باندھ لیں۔

اس سے پہلے بھارت اور ایران کی ٹیمیں مدمقابل آئیں۔ بھارت نے 39 کے مقابلے 50 سکور سے فتح حاصل کی،

دوسرے میچ میں جرمنی اور سیرالیون کے پہلوانوں میں جوڑ پڑا، جرمنی نے 14 کے مقابلے 43 پوائنٹس سے میچ جیت لیا۔

واضح رہے کہ تیسرے مرحلے کے بعد میگا ایونٹ گجرات سے دوبارہ لاہور واپسی جائے گا جہاں 15 اور 16فروری کو بالترتیب سیمی فائنل اور فائنل مقابلے منعقد ہوں گے۔
 

Advertisement