کبڈی ورلڈکپ 2020ء: سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے ’ثابت ہوگیا کہ بھارت کو فروری راس نہیں آتا‘

Last Updated On 17 February,2020 08:09 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان نے گزشتہ روز کبڈی ورلڈکپ 2020ء جیت لیا، 16 فروری کو فائنل میں روایتی حریف بھارتی ٹیم کو اعصاب شکن میچ کے بعد روندتے ہوئے 2 پوائنٹس سے شکست دے کر پہلی مرتبہ چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ ملک بھر میں جہاں اس کا جشن منایا گیا وہاں پر سوشل میڈیا پر بھی بھرپور انداز میں جشن منایا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے کبڈی ورلڈ کپ کی جیت کو گزشتہ برس فروری میں پاکستان فضائیہ کی جانب سے بھارتی جنگی طیارے کو گراکر بھارتی پائلٹ کو گرفتار کرنے کے واقعے سے بھی جوڑا اور بھارتیوں کو پیغام دیا کہ ان کے لیے ماہ فروری اچھا نہیں۔

آصف انصاری نامی ٹوئٹر ہینڈل پر فتح حاصل کرنے والی کبڈی ٹیم کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا گیا کہ ’ثابت ہوگیا کہ بھارت کو فروری راس نہیں آتا‘۔

کبڈی ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم کی فتح کو جہاں مداحوں نے فروری سے جوڑا، وہیں کچھ افراد نے کبڈی کے کھیل کے مناظر کو پاکستان اور بھارت کے افراد کے درمیان سوشل میڈیا پر ہونے والی جنگ سے بھی جوڑا۔

داور ایچ بٹ نامی ٹوئٹر ہینڈل پر کبڈی ورلڈ کپ کے فائنل کی ایک جھلک شیئر کرتے ہوئے اسے سوشل میڈیا پر پاکستانی و بھارتی افراد کی جنگ سے مشابہت دی۔

ایک صارف نے کبڈی ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستانی جیت اور بھارتی شکست پر کچھ لکھنے کے بجائے صرف ’کبڈی، کبڈی، کبڈی، کبڈی‘ لکھا۔

کبڈی کپ میں پاکستان کی جیت پر ٹیم کو کئی اہم سیاسی و حکومتی شخصیات نے مبارک باد دی تھی اور خود وزیر اعظم عمران خان نے بھی پاکستان کی جیت پر ٹوئٹ کی تھی۔

وزیر اعظم عمران خان کی ٹوئٹ پر ملکہ برطانیہ کے نام سے بنائے گئے مزاحیہ و جعلی اکاؤنٹ سے جواب دیا گیا، جسے شائقین نے خوب پسند کیا۔

وزیراعظم عمران خان کی اس ٹوئٹ پر بھارتی افراد نے بھی جوابات دیے اور رونا شروع کردیا کہ جو کبڈی ورلڈ کپ میں ٹیم کھیلنے آئی تھی وہ دراصل اصلی بھارتی ٹیم نہیں تھی۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کبڈی ورلڈ کپ جیت کر عالمی چیمپئن بن گیا، بھارتی ٹیم چاروں شانے چت

ایک بھارتی مداح نے دعویٰ کیا کہ بھارت کی آفیشل کبڈی ٹیم کے کھلاڑیوں کو حکومت نے پاکستان جاکر کھیلنے کی اجازت نہیں دی تھی اس لیے دوسرے کھلاڑی وہاں آگئے جو حکومتی ٹیم کا حصہ نہیں۔

آئی ایم ایس پاک کے ٹوئٹر ہینڈل سے کبڈی ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی جیت کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا گیا کہ ایک مرتبہ پھر پاکستان فضائیہ نے بھارت کو لاجواب کردیا۔ ٹوئٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ پاکستان کی کبڈی ٹیم کے کپتان پاکستان فضائیہ کے اسسٹنٹ وارنٹ افسر ہیں۔
 

Advertisement