پیرس: (دنیا نیوز) فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) اجلاس میں دہشت گردوں کی فنڈنگ روکنے کے لیے رکن ممالک نے پاکستان کی حکمت عملی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق پیرس میں ایف اے ٹی ایف اجلاس کے دوسرے روز دہشت گردوں تک فنڈز کی روک تھام کے لیے مربوط حکمت عملی پیش کی گئی۔
پاکستانی حکام نے اجلاس کے شرکا کو دہشتگردوں کی مالی معاونت کرنے والوں کے خلاف کارروائی سے آگاہ کیا اور بتایا کہ فنڈنگ روکنے کے لیے تمام اہداف پر پیشرفت کی گئی۔
پاکستانی حکام نے کہا کہ منی لانڈرنگ میں ملوث افراد پر جرمانہ دگنا کرنے کی قانون سازی آخری مراحل میں ہے جبکہ ستائیس اہداف میں سے چودہ پر واضح پیشرفت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق دہشتگردوں تک فنڈنگ روکنے اور فنڈز کی روک تھام کے لیے مربوط حکمت عملی پر رکن ممالک اظہار اطمینان کیا۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق مشکوک ٹرانزیکشن رپورٹ کا ڈیٹا پانچ سال کی بجائے دس سال تک رکھا جائے گا۔ منی لانڈرنگ میں ملوث افراد کی جائیداد چھ ماہ سے ایک سال تک ضبط کی جائیں گی۔