بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین نے کورونا وائرس وبا کی وجہ سے رواں برس ملک میں ہونے والے کھیلوں کے تمام بین الاقوامی مقابلے منسوخ کر دیے ہیں۔ صرف بیجنگ ونٹر اولمپکس 2022ء ٹرائلز کا انعقاد کیا جائے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین نے ایک نوٹیفیکیشن میں بیرون ملک موجود اپنے کھلاڑیوں اور کوچز کو ہدایت کی ہے کہ انھیں فوری طور پر ملک واپس آنے کی ضرورت نہیں ہے۔ تاہم اگر وہ واپس آتے ہیں تو انہیں حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔ اس اعلامیے میں تمام منتظمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ بیرون ملک سے ریفریز کو مدعو نہ کریں۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے اب تک اولمپکس، ومبلڈن ٹینس، آئی پی ایل اور پی ایس ایل کے سیمی فائنلز اور فائنل سمیت کئی عالمی مقابلے یا تو ملتوی ہو گئے ہیں یا منسوخ کیے جا چکے ہیں اور کئی ایسے ایونٹس ہیں جن پر خطرات کے بادل منڈلا رہے ہیں۔