کالام میں 2 روزہ اسنو کبڈی چیمپئن شپ اختتام پذیر، اعزاز مٹل تان شاہین ٹیم کے نام

Published On 07 January,2021 12:14 pm

کالام: (دنیا نیوز) سوات کے سیاحتی مقام کالام میں 2 روزہ اسنو کبڈی چیمپئن شپ اختتام پذیر ہو گئی، مٹل تان شاہین کی ٹیم نے اعزار اپنے نام کر لیا، برف پر ہونے والے مقابلے دیکھنے کے لئے ملک بھر سے آنے والے سیاح محظوظ ہوتے رہے۔

برفیلے مقام پر کڑاکے کی سردی میں اسنو کبڈی کے مقابلے اختتام پذیر، کھلاڑیوں نے بر ف پر اپنی صلاحیتوں کے خوب جوہر دکھائے، منفی پانچ درجہ حرارت میں کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کو زیر کرنے کے جتن کئے، سبقت لے جانے کے لئے خوب زور آزمائی کی۔

خون جمادینے والی سردی میں اسنو کبڈی چیمپئن ہوئی، چھ ٹیموں کے 42 کھلاڑی آمنے سامنے ہوئے تاہم ٹیم مٹل تان شاہین نے 2021 کے مقابلوں کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

کالام کے شاہی باغ میں ہونے والے انوکھے مقابلوں میں جہاں کھلاڑیوں نے اپنا خون گرمایا، وہیں سیاح بھی برف پوش وادی میں ہونے والے اسنو کبڈی کے مقابلوں سے خوب محظوظ ہوئے۔