نیوزی لینڈ: رگبی کے لیجنڈ مسلمان کھلاڑی نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

Published On 11 March,2021 06:48 pm

ویلنگٹن: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کے لیجنڈ مسلمان کھلاڑی سونی بل ولیمز نے رگبی کھیل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اب ان کی پوری توجہ باکسنگ پر ہوگی۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ میں اپنی عوام اور مداحوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے سالوں تک مجھے سپورٹ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے اپنے ساتھی کھلاڑیوں کا بھی شکریہ ادا کیا اور لکھا کہ کھیل کے دوران ہونے والے تجربات نے مجھے ایک اچھا انسان بننے میں مدد کی۔ انہوں نے لکھا کہ ہر حال میں اللہ کا شکر ہے۔

خیال رہے کہ سونی بل ولیمز کو اسلام قبول کئے 12 سال ہو چکے ہیں۔ یہ سعادت انھیں فرانس میں حاصل ہوئی جب وہ وہاں تولان کی جانب سے کھیلتے تھے۔

ایک مرتبہ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ ’الحمد اللہ کا مطلب سب کچھ ہے۔‘ پانی کا گلاس پینا الحمد اللہ۔ آپ سے بات کرنے کا موقع ملنا الحمد اللہ۔ بیوی اور بچوں سے ملنا الحمد اللہ۔ میرا خالق ہمیشہ میرے ذہن میں رہتا ہے۔

سونی بل ولیمز کا رب کائنات سے محبت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ وہ کہتے ہیں کہ ’کبھی کبھار میں اپنا سر سجدے میں رکھتا ہوں کیونکہ میں جانتا ہوں کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام، حضرت موسیٰ علیہ السلام اور پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ اسی حالت میں رہتے تھے۔‘

اپنے ماضی کے بارے میں بات کرتے ہوئے اس لیجنڈ کھلاڑی نے بتایا تھا کہ ’میں شراب نوشی کرتا تھا۔ شاہ خرچیاں کرتا تھا اور اپنے آپ کو بہت کچھ سمجھتا تھا جو میں نہیں تھا۔ میں نے وہ زندگی گزاری اور میرا تجربہ یہ ہے کہ مجھے کیا ملا؟ دل میں ایک خلا اور ہلکا پن۔‘ اس سارے سلسلے میں چند سال لگے لیکن انھیں اللہ مل گیا، اسلام مل گیا اور انھیں اپنی زندگی میں مثبت تبدیلی لانے کا موقع ملا۔

ولیمز کی کارکردگی اور کامیابیوں کی بات کی جائے تو وہ نیوزی لینڈ کی طرف سے دو ورلڈ کپ، 2016ء کے اولمپکس، کئی نیشنل رگبی لیگز میں اعزازات اور نیوزی لینڈ کے ہیوی ویٹ باکسنگ کا اعزاز جیت چکے ہیں۔