ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپانی ٹینس سٹار نیومی اوساکا نے کہا ہے کہ وہ اپنی ذہنی صحت کو برقرار رکھنے کیلئے فرنچ اوپن کے دوران کوئی پریس کانفرنس نہیں کریں گی۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں نیومی اوساکا نے لکھا کہ میں رولینڈ گیرس کے دوران کوئی پریس کانفرنس نہیں کروں گی۔ میں نے بیشتر مرتبہ یہ محسوس کیا کہ کھلاڑیوں کی ذہنی صحت کا لوگوں کو خیال نہیں ہوتا، میں جب خود میڈیا کے سامنے اس سے گزرتی ہوں تو یہ بات سچ لگتی ہے۔
نیومی اوساکا کا کہنا تھا کہ میں خود کو ایسے لوگوں کے تابع نہیں کروں گی جو مجھ پر شک کرتے ہیں۔ خیال رہے کہ بڑے مقابلوں میں کھلاڑی میچوں سے پہلے یا بعد میں میڈیا سے بات کرنے کے تحریری معاہدے کے تحت پابند ہوتے ہیں۔
اوساکا نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ انہوں نے کھلاڑیوں کے رونے کی ویڈیوز دیکھی۔ خیال رہے کہ امریکی ٹینس کھلاڑی کرسچن ہیریسن پر انٹرویو میں حصہ لینے سے انکار کے بعد 3000 ڈالر جرمانہ عائد کیا تھا کیونکہ اس کیلئے ان پر ماسک پہننا لازمی تھا۔
جاپانی کھلاڑی نے کہا کہ تاہم اگر ٹینس تنظیمیں یہ سمجھتی ہیں کہ وہ صرف یہ کہہ سکتی ہیں کہ میڈیا سے بات کریں یا آپ پھر پر جرمانہ عائد کیا جائے گا، اور کھلاڑیوں کی ذہنی صحت کو نظر انداز کرنا جاری رکھیں گی تو میں صرف مسکرا ہی سکتی ہوں۔