سپورٹس فنڈز روکنے کے سبب ہاکی اسٹرو ٹرف سمیت کھیلوں کے منصوبے تاحال نامکمل

Published On 21 June,2021 09:05 am

لاہور: (دنیا نیوز) حکومت نے گزشتہ سال کورونا کے باعث سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کو فراہم کردہ فنڈز خرچ کرنے سے روک دیا جس کی وجہ سے پانچ سال گزرنے کے باوجود کھیلوں کے پرانے منصوبے تا حال مکمل نہیں ہو سکے جبکہ ہاکی اسٹرو ٹرف کے نئے منصوبے کا بھی آغاز نہیں ہو سکا۔

ملتان میں پنجاب حکومت نے سپورٹس گراونڈ اور جاوید صدیقی کرکٹ گراونڈ کی تعمیر کیلئے گزشتہ سال 14 کروڑ ساٹھ لاکھ روپے جاری کیے جبکہ ہاکی اسٹرو ٹرف کی تعمیر کیلئے بھی علیحدہ سے پندرہ کروڑ روپے دئیے گئے لیکن بعد ازاں کورونا کو جواز بنا کر حکومت نے ہاکی اسٹروٹرف کا فراہم کردہ فنڈ واپس منگوا لیا جبکہ کرکٹ گراونڈز کے فنڈز کا بیشتر حصہ بھی متعلقہ ڈیپارٹمنٹ کو خرچ کرنے سے روک دیا جس کی وجہ سے پانچ سال گزرنے کے باوجود کھیلوں کے دونوں منصوبے ہی تاحال نامکمل ہیں۔

ڈی او سپورٹس کا موقف ہے کہ کھیلوں کی سرگرمیاں بحال کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اسی لیے جلد ہی کھیلوں کے تمام منصوبوں کو مکمل کر کے ویران میدانوں کو آباد کر دیں گے۔

حکومت نے سوفٹ سپورٹس سکیم کے تحت ملتان ڈویثزن میں چار کروڑ روپے کی لاگت سے پچیس نئے گراونڈز تعمیر کرنا تھے لیکن ضلعی انتظامیہ نے نئے گراونڈز بنانے کیلئے تاحال سرکاری زمینوں کی نشاندہی کا کام ہی شروع نہیں کیا۔