ٹوکیو: (ویب ڈیسک) ٹوکیو اولمپکس کے منتظمین نے پاکستان اور ہندوستان سمیت پانچ ممالک کے ایتھلیٹس کے روزانہ کی بنیاد کر کورونا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مذکورہ ممالک کے کھلاڑیوں کے ایک ہفتے تک روزانہ کورونا ٹیسٹ کرنے کا منصوبہ بنا لیا گیا ہے۔ ٹیسٹوں کا سلسلہ یکم جولائی سے شروع ہوگا۔
جاپانی حکومت کی جانب سے جن غیر ملکی ایتھلیٹس کے کورونا ٹیسٹ کیے جائیں گے ان میں انڈیا، پاکستان، نیپال، مالدیپ، سری لنکا اور افغانستان شامل ہیں۔
اولمپکس کے وزیر تامایو ماروکاوا نے جمعے کو کہا تھا کہ یوگنڈا سے آنے والی اولمپک ٹیم کے ایک رکن میں ڈیلٹا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔ انہوں نے اس پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔
دوسری جانب اولمپکس منتظمین کی جانب سے تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کو مقابلوں میں شرکت سے قبل چار روز تک روزانہ کورونا ٹیسٹس کروانے کا کہا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ ٹوکیو اولمپکس کا آغاز 23 جولائی سے ہو رہا ہے جو کورونا کی وبا کے باعث ایک سال کی تاخیر سے شروع ہو رہی ہے۔