والد کی میت ڈھونڈنےکا مشن، علی سدپارہ کےبیٹےنے’’کے ٹو‘‘پرجانےکا اعلان کردیا

Published On 24 June,2021 06:42 pm

سکردو: (ویب ڈیسک) گزشتہ سردیوں میں دنیا کی سب سے خطرناک پہاڑی سر کرتے ہوئے لاپتا ہونے والے پاکستان کے ہیرو کوہ پیما علی سدپارہ کے بیٹے نے بھی کے ٹو پر جانے کا اعلان کر دیا ہے۔

ساجد علی کا کے ٹو پر جانے کا مقصد اپنے والد کو پیش آںے والی مشکلات اور موت کی وجوہات جاننا ہے۔

غیر ملکی ویب سائٹ اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے علی سدپارہ کے صاحبزادے کا کہنا تھا کہ ان کی اولاد ہونے کی حیثیت سے میری ذمہ داری بنتی ہے کہ میں خود یہ خطرہ مول لوں، میرا مقصد ان کو پیش آنیوالے حادثے کی وجوہات جاننا ہے۔

ساجد علی سدپارہ کا کہنا تھا کہ ہمارے لئے یہ جاننا ضروری ہے کہ وہ کے ٹو مہم جوئی کے دوران کسی برفانی تودے کا نشانہ بنے یا تیز ہواؤں کا شکار ہوئے، ان سب رازوں سے پردہ اٹھانے کیلئے میرا وہاں جانا ضروری ہے، اگر میں ایسا نہ کر سکا تو میرے دل کو سکون نہیں ملے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے اہلخانہ میرے مشن میں میرا ساتھ دے رہے ہیں۔ میں نے اس کیلئے اپنی والدہ اور بھائیوں کو اعتماد میں لیا ہے۔

اس سے قبل ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے ساجد علی سدپارہ کا کہنا تھا کہ وہ کے ٹو پر اپنے والد کے قدموں کے نشانات پر چلتے ہوئے، ان کی میت اور ان کے زیر استعمال اشیا کو تلاش کرنے کی کوشش کریں گے۔

ساجد سدپارہ کا کہنا تھا کہ مجھے اس بات کا علم ہے کہ میرے والد وفات پا چکے ہیں۔ ان کی لاش ملنا مشکل ہے لیکن کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ اگر مجھے ان کی میت نہ ملی تو میں اپنے والد کی خواہش کے مطابق ان کا جھنڈا کے ٹو پر لہراؤں گا۔