نیویارک:(دنیا نیوز) سال بھر میں سب سے زیادہ کمائی کی دوڑ لیونل میسی نے جیت لی، 13 کروڑ ڈالر کمانے والے سٹار فٹبالر نے اپنے روایتی حریف کرسٹیانو رونالڈو کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
امریکی میگزین کی طرف سے جاری فہرست کے مطابق گذشتہ 12 ماہ میں سب سے زیادہ کمانے والے کھلاڑی لیونل میسی ہیں، مایہ ناز فٹبالر کی سالانہ آمدن 13 کروڑ ڈالر بتائی گئی ہے۔
امریکی باسکٹ بال سٹار لی بورن جیمز 12 کروڑ 10 لاکھ ڈالر سالانہ آمدن کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں، فٹبال کی دنیا کے ہیرو کرسٹیانو رونالڈو کی ساڑھے 11 کروڑ ڈالر آمدن بتائی گئی اور اس فہرست میں ان کا تیسرا نمبر ہے۔
زیادہ کمائی کرنے والوں کی اس فہرست میں چوتھی پوزیشن پر فٹبالر نیمار براجمان ہیں جن کی سالانہ کمائی 2021 ساڑھے نو کروڑ ڈالر رہی۔
اسٹیفن کری پانچویں، کیون ڈیورانٹ چھٹے جبکہ سابق نمبر ون ٹینس سٹار راجر فیڈرر ساتویں نمبر پر ہیں۔
گذشتہ سال اسی دوڑ میں پہلے نمبر پر آنے والے باکسر کینیلو الویریز کو تنزلی کا سامنا کرنا پڑا، 9 کروڑ ڈالر کمانے والے فائٹر کا فہرست میں آٹھواں نام ہے۔