یورپین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ، ہیوبرٹ ہرکاز اور ڈین ایونز کی کوارٹر فائنل میں انٹری

Published On 20 October,2022 01:31 pm

برسلز: (ویب ڈیسک) پولینڈ کے ٹینس سٹار اور ایونٹ کے ٹاپ سیڈ ہیوبرٹ ہرکاز اور انگلینڈ کے ٹینس کھلاڑی ڈین ایونز اے ٹی پی یورپین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں مردوں کے سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔

ہیوبرٹ ہرکاز نے دوسرے رائونڈ میں برطانوی حریف کھلاڑی جیک ڈریپر کو اور ڈین ایوانز نے فرانسیسی حریف کھلاڑی کونسٹینٹ لیسٹین کو شکست دی۔

اے ٹی پی کے زیر اہتمام یورپین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ بیلجیم کے شہر اینٹورپ میں جاری ہے۔ مردوں کے سنگلز مقابلوں کے دوسرے رائونڈ میں 25 سالہ پائولش کھلاڑی ہیوبرٹ ہرکاز نے دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے کے بعد 20 سالہ حریف برطانوی ٹینس کھلاڑی جیک ڈریپر کو ٹائی بریک پر 6-7(5-7)،7-6(7-5) اور 1-6 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

ایک اور میچ میں 32 سالہ برطانوی ٹینس سٹار ڈین ایوانز نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے فرانسیسی حریف کھلاڑی کونسٹینٹ لیسٹین کو سٹریٹ سیٹس میں 2-6 اور 1-6 سے ہرا کر ٹاپ ایٹ رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
 

Advertisement