تل ابیب: (ویب ڈیسک) سربیا کے بین الاقوامی شہرت آفاق ٹینس سٹار اور ایونٹ کے ٹاپ سیڈ نوویک نے جوکووچ تل ابیب اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔
35 سالہ سربین ٹینس سٹار نے جولائی میں ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیتنے کے بعد پہلا اے ٹی پی ٹائٹل اپنے نام کیا، انہوں نے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے فائنل میچ میں حریف کروشین ٹینس سٹار مارین کلک کو شکست دی۔
اے ٹی پی ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ اور کانٹے کے مقابلے اسرائیل میں جاری تھے جس کے فائنل میچ میں سربین ٹینس سٹار نوویک جوکووچ نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کروشیا کے حریف کھلاڑی مارین کلک کو سٹریٹ سیٹس میں 3-6 اور 4-6 سے ہرا دیا، 21 گرینڈ سلام ٹائٹلز کے فاتح نوویک جوکووچ کا یہ رواں سال جولائی میں کھیلے گئے ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے بعد پہلا ٹائٹل ہے۔
کورونا وائرس کی وبا سے بچائو کے لئے ویکسینیشن نہ لگوانے کے باعث نوویک جوکووچ رواں سال اگست اور ستمبر میں کھیلے گئے سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ سے بھی باہر ہو گئے تھے ۔