اوسٹراوا: (ویب ڈیسک) پولینڈ کی نامور ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ایک ایگا شیاں ٹیک اور جمہوریہ چیک کی پیٹرا کویٹووا اوسٹراوا اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں۔
ایگا شیاں ٹیک خواتین کے سنگلز مقابلوں کے دوسرے راؤنڈ میں حریف آسٹریلوی کھلاڑی اجلا ٹوملجانووچ کے دوسرے سیٹ میں اچانک فٹنس مسائل کے باعث میچ سے دستبردار ہونے پر با آسانی ٹاپ ایٹ میں پہنچ گئیں جبکہ پیٹرا کویٹووا نے ہسپانوی حریف کھلاڑی پاؤلا بدوسا گیبرٹ کو شکست دی۔
خواتین کے سنگلز مقابلوں کے دوسرے رائونڈ میں پولینڈ کی نامور ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ایک ایگا شیاں ٹیک کو حریف آسٹریلوی کھلاڑی اجلا ٹوملجانووچ کے خلاف پہلے سیٹ میں 5-7 سے فتح سے برتری حاصل تھی، دوسرے سیٹ میں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان مقابلہ 2-2 سے برابر تھا کہ حریف آسٹریلوی کھلاڑی اجلا ٹوملجانووچ فٹنس مسائل کے باعث مقابلہ جاری نہ رکھ پائیں اور میچ سے دستبردار ہوگئیں۔
21 سالہ عالمی نمبر ایک پاؤلش کھلاڑی نے باآسانی کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
ایک اور میچ میں میزبان پیٹرا کویٹووا نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ہسپانوی حریف کھلاڑی پاؤلا بدوساگیبرٹ کو ٹائی بریک پر 6-7(4-7) اور 4-6 سے ہرا کر ٹورنامنٹ کے ٹاپ 8 راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔