لاہور : ( ویب ڈیسک ) قومی خواتین ٹیم چار ملکی فٹبال ٹورنامنٹ میں شرکت کے لئے ( آج ) پیر کو سعودی عرب روانہ ہو گی جبکہ 11 جنوری کو کوموروس کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن ( پی ایف ایف ) کے مطابق ٹورنامنٹ کے دوران قومی ویمنز فٹ بال ٹیم اپنا دوسرا میچ 15جنوری کو ماریشس اور تیسرا میچ 19 جنوری کو سعودی عرب کے خلاف کھیلے گی۔
دوسری جانب 24 رکنی قومی سکواڈ کی قیادت ماریہ خان کے سپرد کی گئی ہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ملیکہ نور (نائب کپتان)، عالیہ صادق، انمول ہیرا، نادیہ خان، نقیہ علی، صنوبر عبدالستار، زویا ذیشان، ماریہ خان، آمنہ حنیف، اور ظہمینہ ملک شامل ہیں۔
انوشے عثمان، ماروی بیگ، رامین فرید، سوہا ہیران، مشال اکرم بھٹی، نزالیہ صدیقی، سحر زمان، صاحبہ شیر دل، سارہ خان، صوفیہ قریشی، فاطمہ ناز، مافیہ پروین، نشا اشرف اور رومیسا خان کو بھی سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک کے مطابق ٹورنامنٹ کے لئے منتخب سکواڈ میں تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ نئے ٹیلنٹ کو بھی شامل کیا گیا ہے، تربیتی کیمپ میں پلیئرز کی صلاحیتیں نکھارنے کے ساتھ فٹنس میں بہتری لانے کی بھی بھرپور کوشش کی گئی ہے۔