پیرس : ( ویب ڈیسک ) فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے کہا ہے کہ 2024 کے پیرس اولمپکس میں روسی ایتھلیٹس کی شرکت کے حوالے سے فیصلہ اس موسم گرما میں کیا جائے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانسیسی صدر کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی ( آئی او سی ) جو اولمپکس کے حوالے سے فیصلے کرتی ہے یہ اس کا کردار اور کام ہے، جو فیصلے پہلے کیے گئے تھے وہ اگلے چند مہینوں میں ہونے والے مقابلوں سے متعلق ہیں اور اولمپک کی مدت کا احاطہ نہیں کرتے ، فرانس میں پیرا اولمپک گیمز کا فیصلہ موسم گرما میں کیا جائے گا، ہم حالات کے مطابق روسی کھلاڑیوں سے متعلق فیصلہ کریں گے۔
ایمانوئل میکرون نے یہ بھی کہا کہ اس معاملے پر پیرس میں یوکرین کے صدر ولادی میر زیلنسکی کے ساتھ ملاقات میں تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔
قبل ازیں پیرس کی میئر این ہیڈلگو نے اپنے پہلے دیئے گئے بیانات کے برعکس 2024 کے اولمپکس میں روسی ایتھلیٹس کی شرکت کے خلاف بات کی، فرانسیسی حکومت کے ترجمان اولیور ویران نے بھی کہا کہ اس معاملے پر حتمی فیصلہ موسم گرما میں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ آئی او سی نے 25 جنوری کو غیر جانبدار ایتھلیٹس کے طور پر بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں روسی اور بیلاروسی ایتھلیٹس کی شرکت کی حمایت کی تھی جبکہ یوکرین میں جنگ کی حمایت کرنے والوں پر پابندی لگانے کا کہا تھا۔