گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس : فرانس کے اوریلین پارٹ پینٹری نے چوتھا مرحلہ جیت لیا

Published On 11 May,2023 09:25 am

روم : (ویب ڈیسک ) فرانس کے سائیکلسٹ اوریلین پارٹ پینٹری نے گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس کا چوتھا مرحلہ اپنے نام کر لیا۔

اٹلی میں گیرو ڈی اٹالیہ کا 106 واں ایڈیشن جاری ہے جس میں سائیکلنگ کی دنیا کے نامور سائیکل سوار ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔

گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس کے چوتھے مرحلے میں سائیکل سواروں نے وینوسا سے لاگو لاسینو تک کا فیصلہ طے کرنا تھا جو 166 کلو میٹر پر محیط تھا،  27 سالہ فرانسیسی سائیکل سوار اوریلین پارٹ پینٹری نے عمدہ سائیکلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئےنارویجن سائیکلسٹ اینڈریاس رکارڈسن کو شکست دے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔

چوتھے مرحلہ کے فاتح سائیکلسٹ نے مطلوبہ فاصلہ 166کلومیٹر کا فاصلہ 4 گھنٹے 16 منٹ اور 4 سیکنڈز میں طے کیا۔

ریس میں نارویجن سائیکلسٹ اینڈریاس رکارڈسن نے دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ لٹوین سائیکل سوار ٹام سکوجنز نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

گیرو ڈی اٹالیہ ایک گرینڈ ٹور سائیکلنگ سٹیج ریس ہے جو تین ہفتوں میں مکمل ہوگی جس میں دنیا کے نامور سائیکلسٹس شریک ہیں ، سائیکل ریس 21 مرحلوں پر محیط ہے جس میں سائیکل سوار 3448 کلو میٹر کا سفر طے کرینگے۔

گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس میں 22 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں ، گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس 23 روز جاری رہنے کے بعد 28 مئی کو اختتام پذیر ہوگی۔