اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف اور مریم نواز نے ثمینہ بیگ اور نائلہ کیانی کو دنیا کی خطرناک چوٹی سر کرنے پر مبارکباد پیش کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دنیا کی سب سے بلند چوٹی ماﺅنٹ ایورسٹ کے بعد خطرناک ترین چوٹی نانگا پربت سر کرنے والی پہلی خواتین کوہ پیما ثمینہ بیگ اور نائلہ کیانی نے ایک بار پھر پاکستان کا نام دنیا میں بلند کیا۔
انہوں نے کہا کہ ثمینہ بیگ اور نائلہ کیانی نے ثابت کیا کہ اُن کی ہمت، عزم اور ارادے بلند پہاڑوں سے بھی بلند ہیں، ثمینہ بیگ اور نائلہ کیانی پاکستانی باہمت خواتین کی نمائندہ ہیں جو جفاکشی، بلند ارادے اور مقصد کو پالینے کی جستجو میں کسی سے پیچھے نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی نے نانگا پربت سر کرلی
شہباز شریف نے مزید کہا کہ میری دعا ہے کہ ثمینہ بیگ، نائلہ کیانی اور اُن جیسی قوم کی دیگر بیٹیاں اسی طرح دنیا میں پاکستان کا نام بلند کرتی رہیں، کامرانیاں سمیٹتی رہیں ۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا کہ ثمینہ بیگ اور نائلہ کیانی قوم کو آپ پر فخر ہے، آپ پاکستانی خواتین کے عزم وہمت کی علامت ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ ثمینہ بیگ اور نائلہ کیانی نے اپنی مثالی ہمت، پیشہ ورانہ مہارت اور ناقابل تسخیر عزم کو ایک بار پھر دنیابھر پر ثابت کردکھایا، ” کنگ آف دا ماﺅنٹینز“ کو سر کرکے انہوں نے نئی روایت قائم کی۔
یہ بھی پڑھیں: کوہ پیمائی میں گلگت بلتستان کے دو کم عمر بچوں نے نیا ریکارڈ بنا دیا
انہوں نے کہا کہ ثمینہ بیگ اور نائلہ کیانی نے پاکستان کے نام کیا ہے یہ کامیابی ثبوت ہے کہ پاکستانی خواتین باصلاحیت، باہمت اور پختہ عزم کی مالک ہیں اس کامیابی پر ثمینہ بیگ اور نائلہ کیانی، اُن کے والدین سمیت ان کی تمام ٹیم کو بھی مبارک دیتے ہیں۔
یاد رہے کہ وزیراعظم نے مئی 2023 میں نائلہ کیانی کو ستارہ امتیاز کا اعزاز عطا کیاتھا، نائلہ کیانی دوسری پاکستانی خاتون کوہ پیما ہیں جنہوں نے ماﺅنٹ ایورسٹ سر کی تھی، ثمینہ بیگ پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما تھیں جنہوں نے ماونٹ ایورسٹ کو سر کیا تھا۔