کارلوس الکاراز نے ومبلڈن کے تیسرے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کرلیا

Published On 08 July,2023 02:15 am

لندن : ( ویب ڈیسک ) سپین کے معروف ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ایک کارلوس الکاراز نے ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

کارلوس الکاراز نے فرانسیسی کھلاڑی الیگزینڈر مولر کو شکست دے کر ومبلڈن اوپن کے تیسرے راؤنڈ تک رسائی حاصل کی۔

میگا ایونٹ کے پانچویں دن کھیلے گئے میچ میں ہسپانوی کھلاڑی نے مولر کیخلاف 6-4 ، 7-6 ،(7-2) ، 6-3 سے کامیابی حاصل کی۔

فتح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الکاراز کا کہنا تھا کہ میں اپنی جیت پر بہت خوش ہوں، سنٹر کورٹ پر یہ میرا دوسرا میچ تھا ، میں نے پچھلے سال پہلا میچ ہارا تھا لیکن اب دوسرے میچ میں کامیابی اور یہاں دوبارہ کھیل کر واقعی خوش ہوں، یہ وہ چیز ہے جس کے ہر ایک سیکنڈ سے میں لطف اندوز ہونا چاہتا تھا۔

دوسری جانب روس کے سابق عالمی نمبر ایک، ایونٹ کے تھرڈ سیڈ ڈینیل میدویدیف اور ڈنمارک کے ٹینس سٹار ہولگر رونے نے بھی اپنے اپنے میچز میں کامیابی حاصل کرلی۔