سڈنی : (ویب ڈیسک ) ایسوسی ایشن آف ٹینس پروفیشنلز (اے ٹی پی) اور ویمنز ٹینس ایسوسی ایشن (ڈبلیو ٹی اے) کے زیر اہتمام آسٹریلیا میں جاری یونائیٹڈ کپ میں آسٹریلوی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔
میزبان آسٹریلین ٹیم نے یونائیٹڈ کپ ٹینس کے کوارٹر فائنل راؤنڈ میں حریف سربین ٹیم کو بآسانی 0-3سے شکست دے کر سیمی فائنل راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔
آسٹریلیا کے تین مختلف شہروں میں شروع ہونے والے اپنی نوعیت کے دوسرے ایونٹ میں 18 ممالک کی ٹیمیں شامل ہیں جن کو 6 گروپس میں تقسیم کیا گیا تھا ۔
یونائیٹڈ کپ کے سیمی فائنلز 6 جنوری کو کھیلے جائیں گے، جمعرات کو کھیلے گئے مردوں کے سنگلز مقابلوں میں آسٹریلیا کے ایلکس ڈی مینار نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف سربین سٹار اور عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ کو سٹریٹ سیٹس میں 4-6 اور 4-6 سے شکست دی۔
ویمنز سنگلز مقابلے میں میزبان آسٹریلین کھلاڑی اجلا ٹوملجانووچ نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے حریف سربین کھلاڑی نٹالیجا سٹیوانوویچ کو سٹریٹ سیٹس میں 1-6 اور 1-6 سے مات دی جبکہ مکسڈ ڈبلز مقابلے میں بھی آسٹریلوی جوڑی نے سربین جوڑی کو سٹریٹ سیٹس میں ہرا کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
یونائیٹڈ کپ بین الاقوامی آؤٹ ڈور ہارڈ کورٹ مینز اینڈ ویمنز ٹینس ٹورنامنٹ ہے جس کا انعقاد ایسوسی ایشن آف ٹینس پروفیشنلز (اے ٹی پی)اور ویمنز ٹینس ایسوسی ایشن (ڈبلیو ٹی اے)نے کیا ہے۔
آر اے سی ارینا پرتھ میں 29 دسمبر 2023سے شروع ہونے والا ٹورنامنٹ 7جنوری 2024کو اختتام پذیر ہوگا، ٹورنامنٹ سے کھلاڑیوں کو اپنی اے ٹی پی رینکنگ اور ڈبلیو ٹی اے رینکنگ پوائنٹس میں اضافہ کرنے کا سنہری موقع ملے گا اورایک کھلاڑی زیادہ سے زیادہ 500 پوائنٹس جیتنے کے قابل ہوسکے گا۔