ارشد ندیم گُھٹنے کے علاج کیلئے جلد برطانیہ جائینگے

Published On 12 January,2024 06:51 pm

لاہور: (دنیا نیوز) قومی اتھلیٹ ارشد ندیم جلد گُھٹنے کے علاج کیلئے برطانیہ جائیں گے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اتھلیٹ کا کہنا تھا کہ ایک ہفتہ ہوگیا ہے ٹریننگ کا آغاز کئے ہوئے، برطانیہ کا ویزہ بھی اپلائی کردیا ہے بہت جلد گُھٹنے کے علاج کیلئے برطانیہ جاؤں گا۔

ارشد ندیم نے کہا کہ ایشین گیمز کے مقابلے سے دو دن پہلے ان فٹ ہوگیا تھا، انجری کے باوجود ورلڈ اتھلیٹکس چیمپئن شپ میں میڈل جیتا ، میں چاہتا ہوں کہ پھر سے ایسا مسئلہ نہ ہو اس لئے علاج کرانے بیرون ملک جارہا ہوں۔

قومی اتھلیٹ کا مزید کہنا تھا کہ اولمپکس سے پہلے مکمل فٹ ہونا چاہتا ہوں، امید ہے کہ سرجری یا علاج کے بعد ایک ماہ میں مکمل فٹ ہوجاؤں گا، اولمپکس سے پہلے ڈائمنڈ لیگ سمیت دو مقابلے کھیلنا چاہتا ہوں۔