میلبورن: (ویب ڈیسک ) اطالوی ٹینس سٹار اور ایونٹ کے فورتھ سیڈڈ جینک سنر اور روسی ٹینس کھلاڑی کیرن خچانوف اپنی پیش قدمی کو برقرار رکھتے ہوئے آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز سنگلز مقابلوں کے پری کوارٹر فائنل راؤنڈ میں پہنچ گئے۔
اٹلی کے جینک سنر نے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے تیسرے راؤنڈ میں ارجنٹائن کے حریف کھلاڑی سیباسٹین بیز کو شکست دی جبکہ روسی ٹینس کھلاڑی کیرن خچانوف نے مینز سنگلز تیسرے راؤنڈ میچ میں جمہوریہ چیک کے حریف کھلاڑی تھامس ماہک کو مات دی ۔
آسٹریلیا کے شہرمیلبورن نے میں جاری 112 واں میگا ایونٹ میں آج کھیلے گئے مینز سنگلز مقابلوں کے تیسرے راؤنڈ میں اطالوی ٹینس سٹار اور ایونٹ کے فورتھ سیڈڈ جینک سنر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ارجنٹائن کے حریف کھلاڑی سیباسٹین بیز کو سٹریٹ سیٹس میں 0-6، 1-6 اور 3-6 سے شکست دیکر ٹورنامنٹ کے ٹاپ 16 راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
ایک اور میچ میں روس کے ٹینس کھلاڑی کیرن خچانوف نے مینز سنگلز تیسرے راؤنڈ میچ میں سخت مقابلے کے بعد جمہوریہ چیک کے حریف کھلاڑی تھامس ماہک کو شکست دے کر میگا ایونٹ کے ٹاپ 16 ویں راؤنڈ تک رسائی حاصل کی۔
کیرن خچانوف کی فتح کا سکور 4-6، 6-7(4-7)،6-4، 6-7(5-7) تھا، میگاایونٹ کے پری کوارٹر فائنل راؤنڈ میچ میں جینک سنر کا مقابلہ کیرن خچانوف سے ہوگا۔