فلوریڈا: (ویب ڈیسک ) جرمنی کے نامور ٹینس سٹار اور ایونٹ کے فورتھ سیڈڈ الیگزینڈر زویروف اور بلغاریہ کے ٹینس سٹار گریگور دیمتروف اے ٹی پی میامی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں اپنی فتوحات کو برقرار رکھتے ہوئے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے سیمی فائنل راؤنڈ میں پہنچ گئے ۔
میامی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے امریکا میں جاری ہیں۔
آج (جمعے ) کو میامی گارڈنز، فلوریڈا اور امریکا کے ہارڈ راک سٹیڈیم میں کھیلے گئے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل راؤنڈ میں جرمن ٹینس سٹار الیگزینڈر زویروف نے مینز سنگلز کے کوارٹر فائنل میچ میں عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے حریف ہنگری کے ٹینس کھلاڑی فیبیان ماروزان کو سٹریٹ سیٹس میں 3-6 اور 5-7 سے شکست دے کر ٹاپ فور راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔
ایک اور کوارٹر فائنل میچ میں بلغاریہ کے گریگور دیمتروف نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہسپانوی ٹینس سٹار اور ایونٹ کے ٹاپ سیڈڈ کارلوس کو سٹریٹ سیٹس میں 2-6 اور 4-6سے شکست دے کر نہ صرف ایونٹ سے باہر کر دیا بلکہ سیمی فائنل راؤنڈ کے لئے بھی کوالیفائی کرلیا۔
سیمی فائنل راؤنڈ میں جرمنی کے نامور ٹینس سٹار اور ایونٹ کے فورتھ سیڈڈ الیگزینڈر زویروف کا مقابلہ بلغاریہ کے ٹینس سٹار گریگور دیمتروف سے ہوگا۔