فلوریڈا: (ویب ڈیسک ) قازقستان کی ٹینس کھلاڑی ایلینا ریباکینا،چین کی ٹینس سٹار ژینگ کنوین اور یونانی ٹینس کھلاڑی ماریہ ساکاری میامی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے ویمنز سنگلز مقابلوں کے تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئیں۔
میامی اوپن کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ ہارڈ روک سٹیڈیم، فلوریڈا میں جاری ہے۔
خواتین کے سنگلز مقابلوں کے دوسرے راؤنڈ میں قزاخستان کی ٹینس کھلاڑی ایلینا ریباکینانے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ڈنمارک کی حریف کھلاڑی کلارا ٹاسن کو 6-3، 5-7 اور 4-6 سے شکست دے کر تیسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
چین کی ٹینس سٹار ژینگ کنوین نے بھی دوسری رکاوٹ عبور کر لی، انہوں نے روسی حریف کھلاڑی ویرونیکا ایڈورڈونا کدرمیٹووا کو سٹریٹ سیٹس میں 3-6 اور 2-6 سے ہرا کر تیسرے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
ایک اور میچ میں یونانی ٹینس کھلاڑی ماریہ ساکاری نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے حریف چینی کھلاڑی یوآن یو کو سٹریٹ سیٹس میں 2-6 اور 2-6 سے ہرا کر ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
بیلجیئم کی ایلیس مرٹینزاور جمہوریہ چیک کی کترینا سینیاکووا خواتین کے سنگلز مقابلوں کے دوسرے راؤنڈ میں ہار کر ایونٹ سے باہر ہوگئیں ۔