فلوریڈا : (ویب ڈیسک ) ڈنمارک کی ٹینس کھلاڑی کیرولین وزنائیکی اور ہسپانوی ٹینس کھلاڑی پاؤلا بدوسا گیبرٹ میامی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے ویمنز سنگلز مقابلوں کے دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئیں۔
میامی اوپن کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ ہارڈ روک سٹیڈیم، فلوریڈا میں جاری ہے۔
خواتین کے سنگلز مقابلوں کے ابتدائی راؤنڈ میں ڈنمارک کی ٹینس کھلاڑی کیرولین وزنائیکی نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے حریف فرانسیسی کھلاڑی کلارا بوریل کو سٹریٹ سیٹس میں 1-6 اور 4-6 سے ہرا کر نہ صرف ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کر دیا بلکہ دوسرے راؤنڈ کے لیے بھی کوالیفائی کرلیا۔
ایک اور میچ میں ہسپانوی ٹینس کھلاڑی پاؤلا بدوسا گیبرٹ نے بھی ابتدائی رکاوٹ عبور کرلی، انہوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے رومانیہ کی نامور ٹینس سٹار سیمونا ہالیپ کو پہلے سیٹ میں 6-1 کی شکست کے باوجود اگلے دونوں سٹریٹ سیٹس میں 4-6 اور 3-6 سے ہرا کر نہ صرف ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا بلکہ ویمنز سنگلز مقابلوں کے دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئیں ۔
دوسری جانب امریکا کی وینس ولیمز اور چین کی شوائی ژینگ خواتین کے سنگلز مقابلوں کے ابتدائی راؤنڈ میں ہار کر ایونٹ سے باہر ہوگئیں ۔