ایتھلیٹس کی ناقص کارکردگی ، پی ایس بی کی اے ایف پی سے وضاحت طلب

Published On 20 September,2024 09:09 am

اسلام آباد: (ویب ڈیسک ) پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے ساؤتھ ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں پاکستانی ایتھلیٹس کی ناقص کارکردگی پر ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان (اے ایف پی) سے وضاحت طلب کرلی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پی ایس بی نے ایک خط کے ذریعے ٹیم کی تیاری اور سلیکشن کے معیار پر سوالات اٹھائے ہیں، جس میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں منعقدہ چیمپئن شپ کے نتائج ٹیم کی تشکیل اور اس کی سلیکشن پر سوالات کھڑے کرتے ہیں۔

پی ایس بی نے اے ایف پی سے اس مایوس کن کارکردگی کی وجوہات پیش کرنے اور کھلاڑیوں کے انتخاب کی بنیاد کی وضاحت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

پی ایس بی کا کہنا ہے کہ یہ جاننا ضروری ہے کہ منتخب کردہ کھلاڑیوں کی تیاری کس طرح کی گئی تھی اور کس معیار پر ان کا انتخاب ہوا۔

پاکستان سپورٹس بورڈ نے ایتھلیٹکس فیڈریشن کو 7 دن کے اندر جواب جمع کروانے کی ہدایت دی ہے۔

اس سے قبل پی ایس بی نے بغیر این او سی کے بھارت میں ہونے والے ایونٹ میں شرکت پر بھی فیڈریشن سے وضاحت طلب کی تھی۔

دوسرے خط میں بھی این او سی کے بغیر شرکت کا ذکر کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ بھارت میں ہونے والی ساؤتھ ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں پاکستانی کھلاڑی ایک بھی میڈل جیتنے میں کامیاب نہ ہوسکے تھے اور اکثر ایونٹس میں کھلاڑی پہلے ہی راؤنڈ میں آؤٹ ہوئے تھے۔