سٹار فٹبالر رونالڈو نے النصر چھوڑنے کا عندیہ دے دیا

Published On 27 May,2025 10:15 pm

ریاض: (ویب ڈیسک) پرتگال کے سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی فٹبال کلب النصر چھوڑنے کا عندیہ دے دیا۔

سعودی پرو لیگ ختم ہونے کے چند گھنٹے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر فٹبالر نے مبہم پوسٹ شیئر کر دی، جس میں انہوں نے النصر چھوڑنے کا اشارہ دے دیا۔

انہوں نے اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ باب ختم ہوگیا لیکن کہانی ابھی جا رہی ہے، میں اس سفر میں سب کا مشکور ہوں۔

خیال رہے کہ 40 سالہ فٹبالر نے 2022 میں مانچسٹر یونائیٹڈ کو خیرباد کہہ کر سعودی کلب النصر میں شمولیت اختیار کی تھی۔ تاہم النصر کے ساتھ ان کا معاہدہ رواں سال جون میں ختم ہونے والا ہے۔

اس سے قبل سعودی پرو لیگ میں النصر کی جانب سے کھیلتے ہوئے رونالڈو 25 گول کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، تاہم، النصر 70 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔

النصر کو آخری میچ میں الفتح کے خلاف 3-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم اس میچ میں رونالڈو نے 105ویں بار النصر کی نمائندگی کی اور اپنا 99واں گول اسکور کیا، النصر اگلے سیزن کی اے ایف سی چیمپئنز لیگ میں بھی جگہ حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔