فرنچ اوپن میں اپ سیٹ، جینک سنر نے جوکووچ کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنا لی

Published On 07 June,2025 10:23 am

پیرس: (دنیا نیوز) عالمی نمبر ایک جینک سِنر نے ایک یادگار مقابلے میں 24 مرتبہ کے گرینڈ سلیم چیمپئن نوواک جوکووچ کو شکست دے کر اپنے پہلے فرنچ اوپن فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔

اس دلچسپ سیمی فائنل میں سِنر نے جوکووچ کو 6-4، 7-5، 7-6  سے ہرایا، یہ مقابلہ دراصل دو نسلوں کا ٹکراؤ تھا، 38 سالہ سربین سٹار جوکووچ 25 ویں گرینڈ سلم ٹائٹل کی تلاش میں تھے، وہ میچ کے ابتدائی لمحات میں اپنی بڑھتی عمر سے شکست کھاتے دکھائی دیے۔

نوواک جوکووچ نے حسب روایت دباؤ میں بہتر کارکردگی دکھاتے ہوئے تیسرے سیٹ میں تین سیٹ پوائنٹس حاصل کیے، لیکن وہ انہیں مکمل کرنے میں ناکام رہے جبکہ جینک سِنر نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے ٹائی بریک میں شاندار کھیل پیش کیا اور دوسرے میچ پوائنٹ پر فتح سمیٹ لی۔

میچ کے بعد 24 سال سے بھی کم عمر کے اطالوی ستارے جینک سِنر نے نوواک جوکووچ کو عظیم ترین کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ میرے لیے ایک خاص لمحہ تھا کہ میں نوواک کے خلاف گرینڈ سلیم سیمی فائنل کھیل رہا تھا۔

جینک سِنر کل فائنل میں دفاعی چیمپئن کارلوس الکاراز کا سامنا کریں گے، جن کے سیمی فائنل حریف لورنزو موسیتی انجری کے باعث چوتھے سیٹ کے آغاز میں ریٹائر ہو گئے تھے۔

دوسری جانب خواتین کے سنگلز فائنل میں آج آرائنا سبالینکا اور کوکو گاف مدِ مقابل ہوں گی اور یوں 1984 کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا کہ رولان گیروس میں مرد و خواتین دونوں فائنلز میں عالمی رینکنگ کے ٹاپ دو کھلاڑی آمنے سامنے ہوں گے۔