چین میں ورلڈ گیمز کے دوران اطالوی کھلاڑی متیا گر کر ہلاک

Published On 12 August,2025 12:27 pm

بیجنگ: (ویب ڈیسک) اطالوی اورینٹیئرنگ ایتھلیٹ متیا دیبرٹولیس چین کے شہر چنگدو میں ہونے والے ورلڈ گیمز کے دوران گرنے کے بعد انتقال کر گئے۔

ورلڈ گیمز اور انٹرنیشنل اورینٹیئرنگ فیڈریشن کے مشترکہ بیان میں اطلاع دی گئی کہ 29 سالہ دیبرٹولیس 8 اگست کو اورینٹیئرنگ ایونٹ کے دوران بے ہوش پائے گئے اور 4 روز بعد چل بسے۔

بیان میں کہا گیا کہ چین کے ایک بڑے طبی ادارے میں فوری اور ماہر طبی امداد ملنے کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکے، موت کی وجہ کے بارے میں کوئی تفصیل فراہم نہیں کی گئی۔

اورینٹیئرنگ میں کھلاڑی ایک غیر نشاندہی شدہ راستے پر نقشہ اور کمپاس کے ذریعے تیزی سے مقررہ مقامات پر پہنچتے ہیں اور ہر پوائنٹ پر اپنی موجودگی درج کراتے ہیں، یہ ایونٹ چنگدو کے مرکزی علاقے سے تقریباً 50 کلومیٹر دور شدید گرمی اور نمی کے ماحول میں ہوا، جہاں درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ سے زائد تھا۔

مشرقی اٹلی کے علاقے پریمیرو سے تعلق رکھنے والے دیبرٹولیس مردوں کے مڈل ڈسٹنس ایونٹ کے فائنل میں حصہ لے رہے تھے جب وہ گر پڑے، چھ کلومیٹر طویل اس راستے میں 180 میٹر کا چڑھاؤ اور 20 کنٹرول پوائنٹس شامل تھے جن پر کھلاڑیوں کو لازمی جانا تھا، ورلڈ گیمز کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر جاری فوٹیج میں کھلاڑیوں کو کھیتوں اور دیہات سے گزرتے ہوئے دکھایا گیا۔

سوئٹزرلینڈ کے ریکارڈو رانکان نے یہ کورس 45 منٹ 22 سیکنڈ میں مکمل کر کے طلائی تمغہ جیتا، انہوں نے چینی سرکاری میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مجھے گرم اور مرطوب حالات کے ساتھ جلد ہم آہنگ ہونا پڑا، اور میرا خیال ہے کہ میں نے یہ کام کافی اچھی طرح کیا۔

ورلڈ گیمز ہر 4 سال بعد ہونے والا ایک ملٹی سپورٹ ایونٹ ہے جس میں وہ کھیل شامل ہوتے ہیں جو اولمپکس کا حصہ نہیں ہیں، یہ ورلڈ گیمز کا 12 واں ایڈیشن ہے جو 17 اگست تک جاری رہے گا، جس میں تقریباً 4 ہزار کھلاڑی 253 ایونٹس میں حصہ لے رہے ہیں۔