کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت رواں ماہ کے آخری ہفتے سے جون 2026 تک صوبے بھر میں کھیلوں کے 22 سے زائد میگا ایونٹس منعقد کرائے گی۔
وزیر کھیل و امور نوجوانان سردار محمد بخش مہر کی زیر صدارت سندھ سیکرٹریٹ میں منعقدہ اِجلاس میں 35 ویں نیشنل گیمز کی تیاریوں، سندھ گیمز 2026، تھر جیپ ریلی سمیت دیگر ایونٹس پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں سیکرٹری کھیل منور علی مہیسر، چیف انجینئر محمد اسلم مہر، سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے احمد علی راجپوت، اصغر بلوچ، علی ڈنوگوپانگ سمیت دیگر شریک ہوئے۔
اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ رواں ماہ اکتوبر کے آخری ہفتے میں تائیکوانڈو، کراٹے اور ٹیبل ٹینس ٹورنامنٹس ہوں گے، نومبر میں پہلی بار دو روزہ سندھ ای سپورٹس چیمپئن شپ، 3 روزہ سندھ سپیشل گیمز، فٹسال چیمپئن شپ کراچی اور دو روزہ کوہستان بل کارٹ ریس ٹھٹہ میں ہو گی، 19 ویں سندھ گیمز جنوری 2026 اور فروری کے پہلے ہفتے جیپ ریلی گھوٹکی میں ہو گی۔