نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت کے سروگیہ سنگھ کشواہا شطرنج کی تاریخ کے کم عمر ترین کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے تین سال، سات ماہ اور 20 دن کی عمر میں FIDE کی باضابطہ ریٹنگ حاصل کر لی۔
بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے سکول میں نرسری کے طالبِ علم کشواہا کی تیز رفتار درجہ بندی 1,572 ہے، بچے نے ہم وطن انیش سرکار کا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا جنہوں نے گزشتہ سال نومبر میں تین سال، آٹھ ماہ اور 19 دن کی عمر میں یہ سنگِ میل حاصل کیا تھا۔
ایک کھلاڑی کے بین الاقوامی شطرنج فیڈریشن یعنی فائیڈ سے درجہ بندی حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ وہ فائیڈ کی درجہ بندی والے کم از کم ایک کھلاڑی کو شکست دے۔
درجہ بندی ایک سکور ہے جس میں شطرنج کے کھلاڑی کی کارکردگی کی بنیاد پر اس کے اوصاف کی پیمائش کی جاتی ہے اور یہ رینکنگ سے مختلف ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ تیز رفتار شطرنج میں عالمی نمبر ایک میگنس کارلسن 2,824 ریٹنگ کے ساتھ سرِ فہرست ہیں۔
کشواہا کے والد سدھارتھ سنگھ نے بیٹے کی کامیابی کو بڑے فخر اور اعزاز کی بات قرار دیا اور کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ وہ گرینڈ ماسٹر بنے۔
اپنی ریاست اور ملک کے دیگر حصوں میں ہونے والے مقابلوں میں کشواہا نے ریٹنگ کے حامل تین کھلاڑیوں کو شکست دے کر اپنی ریکارڈ توڑ درجہ حاصل کی۔
بھارت شطرنج کے گرینڈ ماسٹر کھلاڑیوں کا ایک مستحکم ملک ہے اور اس نے چوٹی کے ستارے پیدا کیے ہیں جن میں تازہ ترین عالمی چیمپئن گوکیش ڈوماراجو اور پانچ بار کے ورلڈ کپ فاتح وشواناتھن آنند شامل ہیں۔



