کراچی میں 35 ویں نیشنل گیمز کے مقابلوں کا آغاز

Published On 04 December,2025 12:03 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں 35 ویں نیشنل گیمز کے مقابلوں کا آغاز ہوگیا۔

نیشنل گیمز پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کوچنگ سینٹر پر نیٹ بال ٹورنامنٹ کے آغاز سے شروع ہوئے، افتتاحی میچ روایتی حریفوں دفاعی چیمپئن پاکستان آرمی اور واپڈا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔

اس موقع پر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری محمد خالد محمود مہمان خصوصی تھے، نیشنل گیمز کی افتتاحی تقریب ہفتہ کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ہوگی، گیمز میں جمعہ کو تین کھیلوں کے مقابلے شروع ہوں گے۔

مردوں اور خواتین کے فٹبال ٹورنامنٹ کے پی ٹی فٹ بال اسٹیڈیم جبکہ مردوں اور خواتین کے شوٹنگ بال مقابلے پاکستان نیوی شوٹنگ رینج کارساز، مردوں اور خواتین کے سیلنگ مقابلے پاکستان نیوی ڈاکیارڈ پر شروع ہو جائیں گے۔

نیشنل گیمز کی افتتاحی تقریب سے پہلے ہی ہفتہ کو مزید تین کھیلوں کا مختلف میدانوں پر آغاز ہو گا۔

مرد اور خواتین کے باکسنگ مقابلے کے پی ٹی سپورٹس کمپلیکس، مرد اور خواتین کے ہاکی مقابلے کے ایچ اے سپورٹس کمپلیکس اور مرد و خواتین کے ٹینس مقابلے نیا ناظم آباد جیم خانہ ٹینس کورٹس پر شروع ہوں گے۔

واضح رہے کہ کراچی کے 23 مختلف مقامات پر 13 دسمبر تک جاری رہنے والے نیشنل گیمز میں 32 کھیلوں کے مقابلوں میں ملک بھر سے 9 ہزار سے زائد مرد اور خواتین ایتھلیٹس اور آفیشلز شرکت کر رہے ہیں۔

دوسری جانب گیمز میں شرکت کے لیے صوبائی دستوں کی آمد آج سے شروع ہو رہی ہے، سندھ کے محکمہ ثقافت کی جانب سے کھلاڑیوں اور آفیشلز کا پرتپاک استقبال کیا جائے گا۔

پیرس اولمپک 2025 کے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم بھی آج کراچی پہنچ رہے ہیں، نیشنل گیمز کی روایتی اولمپک مشعل اور قائد اعظم ٹرافی جمعرات کو ہی میزبان سندھ کے حوالے کی جائے گی۔

دوسری جانب گیمز کے حوالے سے تیاریوں کا سلسلہ ہنوز جاری ہے، نیشنل گیمز کے لیے میزبان سندھ کے دستک کے لیے چیف ڈی مشن اور ڈپٹی چیف ڈی مشن کا ابھی تک اعلان نہیں کیا جا سکا۔