سماجی رابطوں کی مقبول ترین ویب سائٹ فیس بک پر ایک سیاسی تحقیقی کمپنی کیمبرج اینالیٹکس کو 5 کروڑ صارفین کا ڈیٹا غیرقانونی طور پر دینے کا الزام ہے۔ اس الزام سے فیس بک کے حصص میں 6 فیصد سے بھی زیادہ کی کمی ہوئی ہے۔ فیس بک کے حصص کی قیمت اس سکینڈل کے باعث 185.09 ڈالرز سے کم ہوکر 172 ڈالرز پر جاپہنچی ہے۔ حصص کی قیمت گرنے سے ویب سائٹ کو صرف ایک رات میں 33 کھرب پاکستانی روپے سے زائد کا نقصان ہوا ہے اور اس میں ابھی مزید اضافے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں امریکی اخباروں میں یہ رپورٹس سامنے آئیں تھی کہ فیس بک نے کیمبرج اینالیٹکس کو 2016 کے امریکی صدارتی انتخابات کے موقع پر 5 کروڑ فیس بک صارفین کے ڈیٹا تک ان کی اجازت کے بغیر رسائی دی گئی۔ جسے کمپنی نے امریکی انتخابی عمل پر اثر انداز ہونے کے لیے استعمال کیا۔