فیس بک کے خلاف تحقیقات کا آغاز

Last Updated On 21 March,2018 06:42 pm

سماجی رابطوں کی مقبول ویب سائٹ فیس بک پر الزام ہے کہ امریکی صدارتی انتخاب میں ویب سائٹ نے نتائج پر اثر انداز ہونے میں کردار ادا کیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے مخالفین کی جانب سے الزام لگایا گیا کہ فیس بک نے ڈونلڈ ٹرمپ کو کامیابی دلانے میں مدد فراہم کی۔ فیس بک کی انتظامیہ نے براہ راست ڈونلڈ ٹرمپ کو مدد فراہم کرنے کے الزامات کو مسترد کردیا تھا، تاہم بعد میں فیس بک نے تسلیم کیا کہ ان کے پلیٹ فارم کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا۔

اس حوالے سے تازہ خبر یہ ہے کہ اس بات کی تصدیق ہوچکی ہے کہ دنیا کی سب سے بڑی سوشل ویب سائٹ فیس بک کے قریبا 5 کروڑ صارفین کے ڈیٹا کو 2016 میں غلط اور سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا۔ بی بی سی کے مطابق رپورٹ سامنے آنے کے بعد فیس بک کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ امریکا کے وفاقی ٹریڈ کمیشن نے فیس بک کے خلاف تفتیش شروع کی ہیں۔

واضح رہے کہ سیاسی تحقیقی کمپنی "کیمبرج اینالاٹکا" نے فیس بک کے 5 کروڑ صارفین کے ڈیٹا کو غلط اور سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا تھا۔