عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات ( یو اے ای ) کی وزارتِ تعلیم نے سکولوں کے طلبہ کو مہنگا گھر کا کام دینے پر پابندی عاید کرد ی ہے۔ رپورٹ کے مطابق والدین کو بعض اوقات اسکول میں زیر تعلیم کسی ایک بچے کے اکلوتے تعلیمی منصوبے کے لیے 60 ڈالرز تک ادا کرنا پڑ جاتے ہیں اور یہ بھاری رقم تمام والدین کے بس کی بات نہیں ہے۔
وزارت ِتعلیم اسکولوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ طلبہ وطالبات کو اس طرح کے بیش قیمت منصوبوں کی بنیاد پر نمبر نہ دیں کیونکہ بہت سے والدین نے یہ شکایت کی ہے کہ ان تعلیمی منصوبوں کی تکمیل کے لیے کلپ بورڈ ، بیٹریاں اور اسٹکر وغیرہ خرید کرنا ان پر ایک معاشی بوجھ بن چکا ہے جبکہ بعض والدین کو بہ امر مجبوری تیار شدہ اشیاء بھی دکانوں سے خرید کرنا پڑتی ہیں۔ وزارت کا کہنا ہے کہ ایسے منصوبوں کو جماعت کے کمرے کے اندر ہی پایہ تکمیل کو پہنچایا جائے ۔