لاہور: (روزنامہ دنیا) پکے لیموں کا رنگ زرد اور کچے لیموں کا سبز ہو تا ہے۔ اس کا ذائقہ تر ش، مزاج سرد دوسرے درجے اور تر پہلے درجے ہوتا ہے۔ اس کی مقدار خوراک 6 ماشہ لیموں کا رس ہے جبکہ روغن لیموں کی مقدار ایک سے تین قطرے تک ہے۔
لیموں کے متعدد فوائد ہیں جن میں سے چند کا ذکر ذیل میں کیا جا رہا ہے۔ سر دھونے کے بعد اگر لیموں کا رس ملا کر پانی دوبارہ بالوں میں لگایا جائے اور تولیے سے خشک کر لیا جائے تو بالوں میں چمک آ جاتی ہے۔ سلاد والی سبزیاں مثلاً پو دینہ وغیرہ اگر مرجھا جائیں تو لیموں کا رس ملا پانی ان پر چھڑکنے سے دوبارہ تا زہ ہو جاتی ہیں۔
سوزش اور پیشاب کی تکلیف کو فائدہ دیتا ہے۔ داد کی جلدی بیماری پر لیموں کا رس 10 گرام، تلسی کے پتوں کار س 10 گرام ملا کر لگانے سے ایک ہفتہ کے اندر درد ختم ہو جاتا ہے۔ اگر کان بہتے ہوں تو ایک چٹکی سہاگہ کا سفوف کان میں ڈال کر پھر دو قطرے لیموں کے رس کے ڈالے جائیں تو کان بہنا بند ہو جائیں گے۔ لیموں کا رس ایک چھٹانک مع ہم وزن پانی ملا کر دن میں تین دفعہ غرارے کرنے سے منہ کی بد بو فوری طور پر ختم ہو جا تی ہے اگر کسی وجہ سے منہ کی بد بو دور نہ ہو تو پھر فوری طور پر ڈاکٹر سے رجو ع کرنا چاہیے۔
خارش خشک و تر کی صورت میں لیموں کا رس 5 گرام، عرق گلاب 10 گرام اور چنبیلی کا تیل 15 گرام، تینوں ملا کر خارش والی جگہ پر لگانے سے چند روز میں افاقہ ہو جائے گا۔ لیموں جراثیم کا خاتمہ کر تا ہے اگر بواسیری مسوں پر لگایا جائے تو وہ جلدی ٹھیک ہو جاتے ہیں اور پھوڑے پھنسیوں پر لگانے سے زخم جلدی مندمل ہو جاتے ہیں۔ لیموں کا رس بیسن میں ملا کر چہرے پر لگانے سے داغ، دھبے دور ہو جاتے ہیں۔ لیموں کا رس بیرونی طور پر جلد کو نرم اور حسین بنا تا ہے ۔ بعض دفعہ لیموں کے رس کو شہد میں ملا کر چٹانے سے کھانسی ٹھیک ہو جاتی ہے۔
لیموں کا تا زہ رس سر سے لے کر پاؤں تک پوری جسمانی مشینری کو اوور ہال کرتا ہے اور اس کا اعتدال کے ساتھ استعمال صحت و مسرت کا ضامن ہے۔ اگر دانتوں سے خون آتا ہو تو ایک عدد لیموں کا رس، ایک گلاس نیم گرم پانی اور شہد دو بڑے چمچے ملا کر روزانہ غرارے کرنے سے یہ بیماری دور ہو جاتی ہے اس کو پائیوریا کی بیماری بھی کہتے ہیں۔ گردے اور مثانے کی چھوٹی موٹی پتھری کو لیموں کی سکنجبین نکال سکتی ہے ۔ پیٹ ہلکا اور نرم کر تا ہے اور قبض کشا بھی ہوتا ہے۔ سکروی کے مرض میں مسوڑھے سو ج جاتے ہیں، جسم پر سیاہ داغ پڑ جاتے ہیں اور جسم میں مسلسل درد رہتا ہے، لیموں کا مسلسل استعمال اس میں مفید ہے۔
یہاں یہ جاننا بھی اہم ہے کہ ان تمام تر خوبیوں کے با وجود زیادہ مقدار میں لیموں کا استعمال نقصان دہ ہے، لیموں کا تیز محلول دانتوں کے لیے مضر ہے اور لیموں کی زیادہ ترشی پٹھوں میں درد کا باعث ہو سکتی ہے، لہٰذا اس کو مقررہ مقدار تک استعمال کرنا ہی مفید ہے۔
تحریر : حکیم محمد رشید