پوری دیوار کو ٹچ سکرین بنانے والا پینٹ

Last Updated On 08 May,2018 12:25 pm

لاہور(نیٹ نیوز) سائنسدانوں نے ایسا پینٹ تیار کیا ہے جو بہت کم خرچ میں آپ کے گھر کی دیوار کو ٹچ سکرین میں تبدیل کرسکتا ہے۔ اس طرح وہ دن دور نہیں جب دیواریں ہمارے ہاتھ کے اشاروں سے روشنی کھولیں یا بند کریں گی۔

گھر کا درجہ حرارت تبدیل کریں گی اور دیگر اہم امور سر انجام دیں گی۔ رپورٹ کے مطابق ڈزنی کمپنی اور کارنیگی میلون یونیورسٹی کے ماہرین نے مل کر ایک ایسا کم خرچ پینٹ بنایا ہے جو پورے گھر کو ایک انٹرایکٹو ٹچ سینسر میں تبدیل کرسکتا ہے۔

اسے ’’وال پلس پلس‘‘ کا نام دیا گیا ہے جو آپ کے گھر کی دیواروں کو سمارٹ بنادے گا یہ اتنا کم خرچ ہے کہ ایک مربع میٹر دیوار کو ٹچ سکرین بنانے کیلئے صرف پاکستانی 2000 روپے کی لاگت آئیگی جبکہ ماہرین نے کہا ہے کہ بڑے پیمانے پر اس کی تیاری کے بعد اس کی قیمت مزید کم ہوجائیگی۔

ڈزنی ریسرچ کمپنی شاید اس ٹیکنالوجی کو آگمینٹڈ ریئلٹی میں جذب کرکے اسے تھیم پارک اور میوزیم وغیرہ میں استعمال کرنے کا ارادہ رکھتی ہے لیکن ڈزنی نے اب تک اس تحقیق کے استعمال سے آگاہ نہیں کیا۔