لاہور(نیٹ نیوز) رسی کودنا بچوں کا پسندیدہ کھیل ہے جسے وہ مختلف انداز سے کودتے دکھائی دیتے ہیں لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ رسی کودنا بے شمار فائدوں کے حصول کا سبب بن سکتا ہے ؟رسی کودنے کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ اس کے لیے نہ تو کسی ٹرینر کی ضرورت ہے اور نہ ہی مصروف شیڈول میں سے وقت نکال کر جم جانے کی ضرورت پڑتی ہے ۔
جسم کو متحرک کرنے والی دیگر ورزشوں کی طرح رسی کودنا بھی وزن میں کمی کرنے میں مدد دیتا ہے اور جسم کو متحرک اور فٹ رکھتا ہے۔ ماہرین کے مطابق باقاعدگی سے رسی کودنا بہت تیزی سے وزن گھٹانے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ رسی کودنے سے جسم کے تمام اعضا فعال ہوتے ہیں۔ اس کھیل کو مسلز کی مضبوطی کیلئے بہترین ورزش سمجھا جاتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے رسی کودنا قد میں بھی اضافہ کرتا ہے لہٰذا ایسے افراد جو اپنے قد میں اضافہ کرنا چاہتے ہیں باقاعدگی سے رسی کودیں اسی طرح رسی کودنا ہمارے جسم کے ساتھ ساتھ دماغ کو بھی فائدہ پہنچاتا ہے۔ رسی کودنے کے دوران رسی اور پاؤں کی حرکت اور ٹائمنگ پر دھیان دینا دماغ کو چوکس کرتا ہے جس سے دماغ فعال ہوتا ہے اور پہلے سے بہتر کارکردگی دکھانے لگتا ہے۔