کیلیفورنیا: (دنیا نیوز) فیس بک پر ایک بار پھر صارفین کا ڈیٹا بیچنے کا الزام، سوشل میڈیا سائٹ نے موبائل بنانے والی کمپنیوں کو صارفین کا ڈیٹا فراہم کیا۔ ڈیٹا حاصل کرنے والوں میں ایپل اور ایمیزون بھی شامل، فیس بک کے ترجمان نے الزامات کی تردید کر دی ہے۔
فیس بک ایک بار پھر الزامات کے گرداب میں، صارفین کا ڈیٹا موبائل بنانے والی کمپنیوں کو بیچنے کا الزام لگ گیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق صارفین کا ڈیٹا حاصل کرنے والوں میں ایپل اور ایمیزون سمیت 60 کمپنیاں شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق موبائل ڈیوائسز میں فیس بک ایپ شامل کرنے کے لیے کمپنیوں کو لائک بٹن اور صارفین کے ایڈریس تک رسائی دی گئی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ کے ترجمان نے الزامات کی تردید کی ہے۔ ترجمان کے مطابق ان کمپنیوں نے ایک سافٹ وئیر کی مدد سے یہ ڈیٹا دس سال قبل حاصل کیا تھا۔ واضح رہے کہ ابھی گزشتہ ماہ ہی فیس بک کے بانی کو ڈیٹا لیک ہونے پر امریکی کانگریس اور یورپی پارلیمنٹ میں پیش ہونا پڑا تھا۔