پرمسرت زندگی کا اہم ترین راز کیا ہے؟ 75 سالہ تحقیق کا نچوڑ

Last Updated On 11 December,2018 10:04 pm

نیو یارک: (ویب ڈیسک) ہارورڈ یونیورسٹی کا دعوی ہے کہ اس نے پُرمسرت زندگی کو یقینی بنانے کے اہم ترین اور واحد راز کا پتہ چلا لیا ہے۔ ہارورڈ یونیورسٹی کے ڈائریکٹر روبرٹ والڈنگر کے مطابق اہمیت کے لحاظ سے دیگر تمام چیزوں پر برتری رکھنے والی شے "اچھے تعلقات" ہیں۔

پُر سکون اور اطمینان بخش زندگی دنیا کے ہر انسان کے لیے اہم ترین امر ہے۔ مذکورہ نتیجہ 75 برس تک جاری رہنے والی تحقیق کے بعد سامنے آیا ہے۔

ہارورڈ یونیورسٹی کی تحقیق میں انسانوں کے دو گروپوں کے جسمانی اور نفسیاتی پہلوؤں پر توجہ مرکوز کی گئی۔ ان میں پہلا گروپ بوسٹن میں 1939 سے 2014 تک زندگی گزارنے والے 456 مردوں پر مشتمل تھا، اور دوسرا گروپ 1939 سے 1944 کے درمیان ہارورڈ سے فارغ التحصیل ہونے والے 268 مردوں کا تھا۔

اس طویل عرصے پر مشتمل تحقیق کے سلسلے میں خون کے نمونے حاصل کیے گئے اور دماغ کی جانچ کی گئی۔ اس کے علاوہ گروپ کے افراد کے درمیان برتاؤ اور کئی دیگر نوعیت کے سروے مکمل کیے گئے۔ہارورڈ یونیورستی کی اس تحقیق کے ڈائریکٹر روبرٹ والڈنگر کے مطابق اہمیت کے لحاظ سے دیگر تمام چیزوں پر برتری رکھنے والی شے "اچھے تعلقات" ہیں۔

والڈنگر کا کہنا ہے کہ "اچھے تعلقات ہی وہ چیز ہے جو ہمیں زندگی میں اچھی صحت کا حامل اور خوش رہنے والا بناتی ہے۔ مسرت کا تعلق اُن کانفرنسوں کی تعداد سے نہیں جن کے دوران میں نے خطاب کیا، نہ اس کا تعلق سوشل میڈیا پر میری پوسٹس پر ملنے والی لائیکس سے ہے اور نہ کوششوں کے اس حجم سے جو میں نے صرف کیں.. ان سے سب سے زیادہ اہم یہ ہے کہ انسان کی زندگی میں مسرت کا سب سے بڑا عملی اشاریہ محبت میں پوشیدہ ہے"۔

تحقیق سے واضح ہوتا ہے کہ زندگی میں کسی قابل اعتماد شخص کا موجود ہونا، انسان کی عقل کو زیادہ طویل عرصے تک صحت مند رہنے میں مدد گار ثابت ہوتا ہے ، اعصابی نظام کو پرسکون رکھتا ہے اور جذباتی اور جسمانی تکلیف کو کم کرتا ہے۔والڈنگر کے مطابق "اس بات کا تعلق دوستوں کی تعداد سے نہیں بلکہ تعلقات میں وفاداری اور خلوص کے ساتھ ہے۔ لہذا قریبی تعلق کا دورانیہ درحقیقت فیصلہ کن ہے"۔

اس کا مطلب یہ ہوا کہ آپ کے گرد لوگوں کی تعداد کا کوئی اثر نہیں خواہ وہ کم ہوں یا زیادہ ،، اصل مسئلہ تعلقات کی گہرائی اور تحفظ کے احساس کے ساتھ مربوط ہے۔جورج ویلینٹ وہ نفسیاتی طبیب تھے جنہوں نے 1972 سے 2004 تک ہارورڈ یونیورسٹی میں اس تحقیق کی نگرانی کی۔ ان کے مطابق اس امر کے دو بنیادی عناصر ہیں۔ ان میں پہلی چیز محبت اور دوسری چیز اس محبت کی موت کے بعد زندگی گزارنے کا طریقہ تلاش کرنا ہے۔

مثلا ہو سکتا ہے آپ محبت اور اس تعلق کو پا لیں جس کی آپ خواہش رکھتے تھے۔ تاہم اچانک آپ کسی صدمے سے دوچار ہو جائیں۔ مثلا ملازمت یا والدین یا کسی اولاد سے محرومی ، آپ کو اس صورت حال سے نمٹنا نہیں آئے گا اور پھر آخر کار یہ آپ کو مزاحمت کی راہ پر لے آئے گا۔لہذا ویلینٹ کے نزدیک "ترجیحات کے تعین کی قدرت رکھنے کے ساتھ ساتھ تناؤ اور یک دم جنم لینے والے جذبات سے نمٹنے کی قدرت بھی ضروری ہے"۔

یہ بات واضح ہے کہ آپ اپنی خواہش کے مطابق دولت جمع کر سکتے ہیں، کامیاب پیشہ وارانہ زندگی گزار سکتے ہیں اور اچھی جسمانی صحت کے حامل ہو سکتے ہیں لیکن محبت کے تعلقات کے بغیر، آپ ہر گز مسرور نہیں ہوں گے"جورج ویلینٹ کے مطابق انسانی تعلقات بنیادی طور پر انتہائی پیچیدہ ہوتے ہیں، اور اچھی زندگی اچھے تعلقات پر مبنی ہوتی ہے۔