وائجر 2 نامی خلائی جہاز نظام شمسی کی حد سے باہر نکل گیا

Last Updated On 11 December,2018 10:02 pm

نیویارک: (دنیا نیوز) ناسا کا اکتالیس سال پہلے بھیجا گیا وائجر ٹو نامی خلائی جہاز نظام شمسی کی حد سے باہر نکل گیا، یہ انسانوں کا بنایا ہوا دوسرا جہاز ہے جو نظام شمسی کی حدود سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوا۔

1977ء میں خلا میں روانہ کیا گیا ناسا کا ایک اور خلائی سیارہ نظام شمسی کی حدود سے باہر نکل گیا۔ خلائی ایجنسی کے مطابق وائجر ٹو میں ایسا آلہ نصب ہے جو نظام شمسی سے نکلنے اور کہکشاؤں کے درمیان جانے کے سفر کا مشاہدہ پہلی بار زمین پر بھیجے گا۔

اس سے قبل وائجر ون کو اسی مقصد کےلیے لانچ کیا گیا تھا۔ ناسا کے مطابق وائجر ٹو زمین سے 18 ارب کلومیٹر کے فاصلے پر ہے اور یہ تقریباً 54 ہزار کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے۔

وائجر ون اس سے بھی آگے 22 ارب کلومیٹر کے فاصلے پر ہے اور 61 ہزار کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے بڑھ رہا ہے۔

خلائی ماہرین کا کہنا ہے کہ خلائی جہاز توانائی فراہم کرنے والے پلوٹونیم کے ختم ہونے تک اپنا سفر جاری رکھیں گے۔