برٹش کولمبیا :(ویب ڈیسک) کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں اعلی عدالت نے چین کی مشہور موبائل کمپنی ہُواوے ٹکنالوجیز کے مالک کی بیٹی اور کمپنی کے مالی امور کی اعلی افسر مینگ وانژو کی مشروط رہائی پر آمادگی ظاہر کر دی۔ وانژو کو یکم دسمبر کو کینیڈا کے شہر وینکوور سے حراست میں لے لیا گیا تھا۔
منگل کے روز ہونے والی سماعت کے اختتام پر عدالت کے جج نے کہا کہ مینگ وانژو کے وکلاء کی جانب سے تجویز کردہ نگرانی کی شرائط کے ذریعے اُس خطرے کو کم کیا جا سکتا ہے جو وانژو کو اُس عدالت میں پیش نہ کرنے کے باعث پیدا ہو سکتا ہے جو امریکا انہیں امریکا کے حوالے کیے جانے کی درخواست کی سماعت کر رہی ہے۔
مذکورہ جج نے اس سے پہلے مینگ وانژو کے وکلاء کی جانب سے 1.5 کروڑ کینیڈین ڈالر کے عوض اپنی مؤکلہ کی رہائی کی تجویز مسترد کر دی تھی۔ عدالت نے سماعت کو منگل تک ملتوی کرتے ہوئے باور کرایا تھا کہ ضمانت دینے والا اگر برٹش کولمبیا میں ہی مقیم ہو گا تو اس صورت میں اس حوالے سے فیصلہ جاری کیا جائے گا۔
چین نے مینگ وانژو کی گرفتاری پر شدید احتجاج کرتے ہوئے امریکا سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ ان الزامات کو واپس لے جن کی بنیاد پر کینیڈا کے حکام نے وانژو کو اس وقت گرفتار کر لیا جب وہ وینکوور شہر میں طیارہ تبدیل کر رہی تھیں۔
امریکا کو شبہ ہے کہ وانژو نے ایران اور شمالی کوریا پر امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی کا ارتکاب کیا ہے